ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ادے پور چنتن شیویر سے کرنی ہے ایک نئے دور کی شروعات:سونیا گاندھی

ادے پور چنتن شیویر سے کرنی ہے ایک نئے دور کی شروعات:سونیا گاندھی

Tue, 10 May 2022 06:28:03    S.O. News Service

نئی دہلی،10؍مئی (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ ادے پور میں اس ہفتے منعقد ہونے والے پارٹی کے چنتن شیویرکو محض ایک رسم نہیں بننا چاہئے بلکہ وہاں سے کانگریس کی تنظیم نو کے ساتھ ایک نئے دور کا واضح پیغام جانا چاہئے-

پارٹی کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، جس کا اہتمام پارٹی ہیڈکوارٹر میں پیر کو ادے پور میں ہونے والے چنتن شیویر پر تبادلہ خیال کیلئے کیا گیا تھا، محترمہ گاندھی نے کہا کہ یہ کیمپ کانگریس کیلئے ایک نئی شروعات ہونا چاہیے-

انہوں نے کہاکہ آپ کو یاد ہوگا کہ پچھلی میٹنگ میں میں نے چنتن شیویر منعقد کرنے کی بات کی تھی اور یہ 13، 14 / اور 15 مئی کو ادے پور میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں تقریباً 400 ساتھی حصہ لیں گے - چنتن شیویر کو محض رسم نہیں بننا چاہیے، بلکہ پارٹی کو درپیش نظریاتی، انتخابی اور انتظامی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پارٹی تنظیم کو از سر نو ترتیب دے کر ایک نئی شروعات کرنی ہوگی-

کانگریس لیڈر نے کہا کہ کیمپ سے یہ پیغام نمایاں طور پر جانا چاہیے کہ پارٹی نئے جوش کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے اور اس کیلئے اس کے تمام رہنما اور کارکن متحداور پرعزم ہیں - کیمپ میں جن400نمائندوں کو بلایا گیا ہے وہ سبھی سینئر لیڈر ہیں اور پارٹی تنظیم کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت میں دیگر اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں-

انہوں نے کہا کہ چنتن شیویر میں چھ حصوں میں بات چیت کی جائے گی جس میں سیاسی، معاشی، سماجی انصاف، کسانوں، نوجوانوں اور تنظیمی مسائل کو اٹھایا جائے گا، ان مسائل کے بارے میں نمائندوں کو پہلے ہی مطلع کر دیا گیا ہے - تمام مسائل پر غور و خوض کے بعد15مئی کو ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں منظوری ملنے کے بعد ادے پور نو سنکلپ کو اپنایا جائے گا-


Share: